Aaj News

ہفتہ, مئ 11, 2024  
02 Dhul-Qadah 1445  

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فینز کیلئے پرجوش مہم کا آغاز کردیا

شائع 29 اپريل 2020 12:49pm

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے فینز کیلئے پرجوش مہم کا آغاز کردیا، شائقینِ کرکٹ سوشل میڈیا پراپنے خوابوں کی جوڑیاں بنا کراس مہم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

سب پہلی جوڑی کا انتخاب ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کیا، انہوں نے سابق کپتان محمد یوسف اور یونس خان کو اپنی آل ٹائم فیورٹ جوڑی قرار دیا۔

سابق ٹیسٹ اسپنرسعید اجمل کے مطابق لیجنڈری اسپنرعبدالقادرمرحوم کے ساتھ ان کی جوڑی بہترین ہوتی۔

‏پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے مداحوں کے لیے ایک ایسی پرجوش مہم کا آغاز کررہا ہے جہاں شائقینِ کرکٹ کو اپنے خوابوں کی پسندیدہ جوڑیاں بنانے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔ یہ مہم 29 اپریل بروز بدھ دوپہر 2 بجے سے شروع ہوگی۔

اس مہم کے تحت مداحوں کو بیٹنگ (اوپنرز اور مڈل آرڈرز) اور باؤلنگ (فاسٹ باؤلرز اور اسپنرز) میں اپنی پسندیدہ ٹیسٹ کرکٹ جوڑیوں کے انتخاب کا موقع دیا جارہا ہے، جو فیس بک، ٹوئیٹر اور انسٹاگرام پر اپنی پسندیدہ جوڑیاں بناکر اس مہم کا حصہ بن سکتے ہے۔

مہم کے اختتام پر مداحوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پسندیدہ  وکٹ کیپر کے انتخاب کا موقع بھی دیا جائے گا۔

کھیل کے سب سے معتبر فارمیٹ (ٹیسٹ کرکٹ) میں پاکستان نے بہت سے عظیم ستارے اور لیجنڈز پیدا کیے ہیں۔ اس حوالے سے کھلاڑیوں کے نام ایک مخصوص پوزیشن پر ان کے رنز بنانے اور وکٹیں حاصل کرنے کی تعداد کی بنیاد پر شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔

ماضی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عمدہ بلے باز اور 24 سنچریاں بنانے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف کا کہنا ہے کہ یہ پی سی بی کی جانب سے اٹھایا گیا ایک شاندار قدم ہے جو ہمارے نوجوان اور پرجوش مداحوں کو کھیل کے لیجنڈز سے آگاہی کے ساتھ  ساتھ ان آزمائشی اوقات میں گھروں میں رہتے ہوئے مصروفیت کا ایک موقع فراہم کررہا ہے۔

پاکستان میں کھیلے گئے تینوں ٹیسٹ میچوں میں سنچری بنانے والے قومی ٹیسٹ کرکٹر اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ماضی میں بہت سے ایسے ٹیسٹ بلے باز پیدا کیے ہیں جو ہوم اینڈ اوے کنڈیشنز سے قطع نظر، پیس اور اسپن دونوں طرح کی باؤلنگ کے سامنے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے تھے۔

بابراعظم  نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں محمد یوسف اور یونس خان پر مشتمل جوڑی ان کی پسندیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوسف بھائی کی اسکلز اور کلاس جبکہ یونس بھائی کے کبھی بھی ہار نہ ماننے والے مائنڈ سیٹ سے ہمارے جیسے کرکٹرز نے بہت کچھ سیکھا اور دونوں سابق کرکٹرز کے تجربے سے سیکھنے کا یہ عمل جاری رہے گا۔

اپنی شاندار اسپن باؤلنگ سے متعدد ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کو کامیابیاں دلانے والے سابق کرکٹر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ اکثر کہا جاتا ہے کہ باؤلرز جوڑیوں کی صورت میں شکار کرتے ہیں اور ہم  نے میدان میں ایسا دیکھا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان کے چند بہترین اسپنرز کے ساتھ باؤلنگ کرنے کا موقع ملا اور وہ ان کے ساتھ مل کر پاکستان کو فتوحات دلانے میں کامیاب بھی رہے۔

سابق ٹیسٹ اسپنر نے کہا کہ اگر ان سے پوچھا جائے تو وہ لیجنڈری باؤلر مرحوم عبدالقادر کے ساتھ باؤلنگ کرنا پسند کرتے۔

انہوں نے کہا کہ عبدالقادر مرحوم ایک عظیم لیگ اسپنر تھے جن کی گگلی شاندار تھی اور میرے پاس دوسرا جیسا ہتھیار تھا، لہٰذا یہ جوڑی بہترین ہوتی۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div